کراچی (کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے 19ویں مائی کراچی نمائش کے شاندار انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ماہ ڈنمارک روانہ ہوں گے جہاں وہ معروف یورپی شپنگ کمپنی مائیرسک کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کریں گے جو 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے۔ایم او یو پر دستخط کے بعد مائیرسک اکتوبر 2024 سے انفرااسٹرکچر، ٹرمینلز، ویئر ہاؤسنگ اور شپ بریکنگ وغیرہ سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری شروع کر دے گا جو کراچی کو ٹرانس شپمنٹ کا مرکز بنا دے گا۔یہ بات انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا کی 19ویں مائی کراچی نمائش کے اختتام کے موقع پر پریس بریفنگ کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر وائس چیئرمین بی ایم جی انجم نثار، جنرل سیکرٹری اے کیو خلیل، صدر کے سی سی آئی افتخار احمد شیخ، سینئر نائب صدر الطاف اے غفار، نائب صدر تنویر احمد باری، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے مائی کراچی نمائش محمد ادریس، سابق صدور عبداللہ ذکی، یونس محمد بشیر، جنید اسماعیل ماکڈا، آغا شہاب احمد خان، طارق یوسف اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔وزیر بحری امور نے کہا کہ بلاشبہ کراچی پاکستان کا مرکز ہے جو برآمدات میں اضافے کی بہترین صلاحیت رکھتا ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے میری ٹائم منسٹری ایک سازگار ماحول کی دستیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے لیکن ملک کو معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تاجر برادری کو بھی آگے آنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کی سمندری برآمدات سے 40 گنا زیادہ برآمدات کر رہا ہے۔اس لیے تاجر برادری کو اس شعبے میں سنجیدگی سے مواقع تلاش کرے جو بہترین صلاحیتوں کا حامل ہے۔حکومت نے میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے رواں سال کے بجٹ میں پروسیسنگ پلانٹس، فشریز، سیڈز اور فیڈ وغیرہ پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا ہے۔ہم زمین سمیت ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں جہاں تاجر سمندری برآمدات کے لیے پروسیسنگ پلانٹس لگا سکتے ہیں۔قیصر شیخ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف خاص طور پر تاجر برادری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے کر پاکستان اور اس کی معیشت کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ اعتماد بحال کرتے ہوئے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان خصوصاً کراچی میں سرمایہ کاری کی ترغیب دے کر ہم اگلے 5 سالوں میں برآمدات کو دُگنا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے 19ویں مائی کراچی نمائش پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نمائش نے اپنے آغاز سے ہی بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی ہے کیونکہ یہ مسلسل بڑھ رہی ہے اور ہر سال آنے والوں کو کچھ منفرد پیش کرتی ہے۔کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد شیخ نے مائی کراچی نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے میڈیا کے تعاون کو سراہتے ہوئے چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے مائی کراچی نمائش محمد ادریس اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین کو مائی کراچی نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے غیر معمولی کوششیں کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ سب مائی کراچی نمائش اور کراچی چیمبر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اسی جوش و جذبے سے کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کے سی سی آئی نے اس سال کی نمائش میں زبردست عوامی جوش وخروش دیکھنے میں آیا جس نے محفوظ اور سازگار ماحول میں رعایتی نرخوں پر خریداری کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔معروف برانڈز کے علاوہ خواتین تاجروں کی ایک بڑی تعداد کو بھی رعایتی نرخوں پر اسٹال فراہم کیے گئے ۔