ای ایف پی، آئی ایل او کے ایمپلائر آف دی ایئر ایوارڈ کا انعقاد

204

کراچی ( کامرس رپورٹر )ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی) کے صدر ملک طاہر جاوید نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ذمہ دارانہ کاروباری طریقوں کو اپنانے سے ڈیسنٹ ورک، کاروباری اداروں کی پائیداری اور سماجی انصاف کو فروغ ملتا ہے۔یہ بات انہوں نے ’’نیشنل کانفرنس فار ریسپانسیبل بزنسز اینڈ10ویں ایمپلائر آف دی ایئر ایوارڈ‘‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ای ایف پی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے تعاون سے منعقدہ تقریب کا مقصد ذمہ دارانہ کاروباری طریقوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور کاروباری اداروں کے بہترین طریقوں کو تسلیم کرنا تھا۔صدر ای ایف پی نے منصفانہ اور اخلاقی کاروباری طریقوں کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ کس طرح ای ایف پی منصفانہ طرز عمل کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے اہداف کو آگے بڑھانے میں فعال طور پر مصروف عمل ہے تاکہ سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ ایجنڈا2030 کو حاصل کیا جا سکے۔ای ایف پی بہترین طریقوں کو فروغ دینے اور جامع ترقی کے لیے اپنی اخلاقی و قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور تنظیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے گزشتہ دس سالوں سے سال کے ایمپلائر آف دی ایئر تقریب کا انعقاد کر رہا ہے۔انہوں نے جی ایس پی پلس کی ضروریات کو پورا کرنے اور عالمی معیشت میں مسابقتی رہنے کے لیے صنعت کے لیے لیبر قوانین سازی اور بین الاقوامی معیارات کی تعمیل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔وزیر محنت سندھ شاہد عبدالسلام تھہیم نے ای ایف پی، آئی ایل او اور کانفرنس کے شرکاء کو تہنیت پیش کی اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح آجروں کی تنظیموں کے اندر ذمہ دارانہ طرز عمل ورکرز کو زیادہ آزادی دے کر کاروبار کی معاشی حالت کو بہتر بناتا ہے جس میں ایک سرشار اور مضبوط افرادی قوت شامل ہوتی ہے۔یورپی یونین کے چارج ڈی افیئرز فلپ اولیور گراس نے اپنے ویڈیو پیغام میں منصفانہ اور اخلاقی کاروباری طریقوں کی وکالت کرنے کے عزم کی تصویر کشی کی۔