معیشت کو سب سے بڑاجھٹکا آئی پی پیز نے دیا ، فرازالرحمان

242

کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان بزنس گروپ کے بانی و سرپرست اعلیٰ فراز الرحمان، چیئرمین علی عرش اور پریذیڈنٹ ناصر شیخ نے کہا ہے کہ توانائی کی بڑھتی قیمتوں سے عوام، صنعتوں ، زراعت اور برآمدات کے شعبے پر بوجھ پڑ رہا ہے، توانائی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے پاور سیکٹر میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔اپنے ایک بیان میں پاکستان بزنس گروپ کی اعلیٰ قیادت نے آئی پی پیز کی لوٹ مارکا مسئلہ حل کرنے کیلئے صدرمملکت آصف علی زرداری کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے ساتھ کمیٹی بنانے کا خیرمقدم کیا ہے۔PBGکے عہدیداران نے امید ظاہر کی کہ صدرمملکت آصف علی زرداری کی مداخلت سے یہ معاملہ حل ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی چاہتی ہے کہ عوام خوش ہوں گے تو کاروبار چلیں گے، ہم 24 کروڑ عوام کیساتھ ہیں، ان 40 لوگوں کیساتھ نہیں جنہوں نے آئی پی پیز لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا ریٹ 60 روپے،کمرشل ریٹ 80 روپے ہے اس پر کوئی کام نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز نے اس سال صارفین کے دو ہزار ارب روپے ہڑپ کئے ہیں جبکہ اگلے سال 2800 ارب روپے ہڑپ کرنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جتنی بجلی بنائیں اس کا پیسہ لیں۔ 3 پلانٹس سے زیرو یونٹ پر 2 ہزار کروڑ روپے وصول کئے گئے ، ایسا کہاں ہوتا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو حالیہ سالوں میں سب سے بڑاجھٹکا آئی پی پیز اور بجلی کے فرسودہ نظام نے دیا ہے۔