دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست  میں کراچی سب سے اوپر

376

بلغراد: دنیا کے سستے ترین شہروں کی لسٹ میں کراچی کو پہلا نمبر مل گیا۔

مختلف موضوعات سے متعلق عالمی سطح پر ڈیٹا مرتب کرنے والی کمپنی Numbeo کی جانب سے 2024ء کی ابتدائی ششماہی (پہلے 6 ماہ) میں رہائش کے لحاظ سے دنیا کے سستے ترین شہروں کی ایک فہرست جاری کی ہے، جس میں سندھ کا دارالحکومت کراچی پہلے نمبر پر موجود ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نمبیو کی مرتب کردہ دنیا کے سب سے سستے شہروں کی فہرست میں پاکستان کے 3شہر شامل ہیں، جن میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور بھی شامل ہیں، جب کہ کراچی اس فہرست میں اول نمبر پر موجود ہے۔

ڈیٹا کے  تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ یہ فہرست بنانے میں نیویارک شہر کو مرکز یا بنیاد بنا کر دنیا کے دیگر شہروں کا موازنہ کیا گیا ہے، جس میں  ان شہروں میں زندگی گزارنے کے لیے درکار اخراجات، کرایے، اشیائے صرف، ہوٹلوں کے کرایے اور وہاں کے مقامی باشندوں کی قوت خرید کو  دیکھا گیا ہے۔

فہرست میں دنیا کے 218 شہروں کا تجزیہ کیا گیا ہے، جس میں کراچی کو دنیا کا سب سے سستا شہر قرار دیا گیا ہے، جو امریکی شہر نیویارک کی نسبت 81 فی صد سستا ہے، اس کے بعد لاہور اور پھر اسلام آباد کو پاکستان میں سستا ترین بتایا گیا ہے۔

فہرست کے مطابق سوئٹزرلینڈ کا شہر جنیوا عالمی سطح پر سب سے مہنگا شہر قرار پایا ہے، جو نیو یارک کی نسبت 1.7 فی صد مہنگا ہے، اس کے بعد زیورخ اور تیسرے نمبر پر نیو یارک مہنگا ترین ہے۔