کے ڈی اے سرجانی ٹائون میں صنعتی زون کے قیام کیلیے فعال ہوگئی

198

کراچی (رپورٹ‘محمد انور) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) سرجانی ٹائون اسکیم میں صنعتی زون کے قیام کے لیے فعال ہوگئی۔ خیال رہے کہ اس صنعتی زون کا ازسر نو سنگ بنیاد سابق وزیر بلدیات ناصر حسین نے گزشتہ سال رکھا تھا۔ اس صنعتی زون میں2000، 1000 اور 500 گز کے صنعتی پلاٹس مختص کیے گئے ہیں۔ مذکورہ صنعتی زون کے قیام سے صنعت کاروں کو سرجانی انڈسٹریل ایریا زون میں چہار دیواری کے اندر بہترین صنعتی سہولیات اور ضروریات فراہم کی جائے گی۔ اس ضمن میں ڈاریکٹر جنرل کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ صنعتی زون کراچی کا بہترین زون بنانے کے لیے کے ڈی اے اور حکومت سندھ یکسر کوشاں ہیں، اس صنعتی زون کا جلد ہی باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ صنعتی زون میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ چاہتے ہیں کہ صنعتی زون کا جلد افتتاح کر کے دیگر ضروری کام تیزی سے مکمل کیے جائیں۔ سید شجاعت حسین نے کے ڈی اے کے سرجانی ٹائون سمیت دیگر شعبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ اسکیموں میں پلاٹوں پر قبضے اور ہیرا پھیری پر سخت نظر رکھی جائے۔ اس ضمن میں کرپشن کے معاملات پرسخت کارروائی کی جائے گی۔خیال رہے کہ کے ڈی اے کی مختلف اسکیموں پر تیزی سے کام مکمل کیے جانے کی کوششیں جاری ہیںہے۔