اسحاق ڈار کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، 24 اداروں کی نجکاری کی منظوری

507

اسلام آباد:نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی صدارت میں ہونے والےکابینہ کمیٹی کے اجلاس میں 24 اداروں کی نجکاری کی منظوری دے دی گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کااجلاس اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا، جس میں نجکاری کمیشن آرڈیننس 2000ء کے سیکشن فائیو بی کے تحت وزارت نجکاری کے ذریعےاداروں کی مرحلہ وار نجکاری کا پروگرام پیش کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر نجکاری، وزیر تجارت، وزیر بجلی، وزیر صنعت و پیداوار، وزیر مملکت خزانہ اور محصولات اور مختلف وزارتوں و ڈویژنوں کے وفاقی سیکرٹریز و دیگر نے شرکت کی۔کمیٹی نے اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ منافع بخش اداروں کی بھی نجکاری کو زیر غور لایا جائے گا۔

نجکاری پروگرام میں تجارتی جگہ میں فیڈرل فوٹ پرنٹ کم کرنا اور اسے صرف اسٹریٹجک اور ضروری ریاستی ملکیتی اداروں تک محدود کرنا شامل ہے۔اجلاس میں نجکاری کی پالیسی کے رہنما خطوط پر غور کرنے کے بعد کمیٹی نےفیڈرل فوٹ پرنٹ اسٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز کی جامع رپورٹ میں نمایاں 84 اداروں پر تفصیل سے غور کیا۔

بعد ازاں کمیٹی نے نجکاری پروگرام 29-2024 کے لیے24 اداروں کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ نجکاری پروگرام میں دیگر اداروں کو شامل کرنے کا فیصلہ کابینہ کی کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی کاروباری اداروں کی جانب سے اسٹریٹجک یا ضروری کی درجہ بندی کے حوالے سے جائزے کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا اور جن اداروں کی اسٹریٹجک یا ضروری کے طور پر درجہ بندی نہیں کی گئی ہے، ان کو پروگرام میں ان کی شمولیت کے بارے میں فیصلے کے لیے کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا۔