ڈنگ ٹپاؤ پالیسی ترک نہ ہوئی تو لاہور میں پنڈی سے بڑا دھرنا ہوگا،ضیاء الدین انصاری

177

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حافظ نعیم کی کال پر راولپنڈی سے بڑا دھرنا لاہور میں دیں گے۔آئی جی پنجاب اور وزیر اعلی پنجاب کو بتادینا چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے کارکنان گرفتاریوں اور اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ایسے حکومتی اقدامات سے ہمار ے کا رکنان کے حوصلے مزید بلند ہورہے ہیں۔ لاہور کے شہری، نوجوان، بچے اور بزرگ جلد ایک بڑا دھرنادینے جارہے ہیں ، ہمارے راستے کی رکاوٹ نہ بنا جائے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے راولپنڈی عوامی دھرنا کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر لاہور نے مزید کہا کہ حکومت مذاکرات کی آڑ میں ڈنگ ٹپاؤ پالیسی کی بجائے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ، عوام کا جائز حق حکومت سے لئے بغیر دھرنے ختم نہیں کریں گے۔ حکمرانوں کی پالیسیاں عوامی مفاد کی بجائے اپنی عیاشیوں اور آئی پی پیز کے تحفظ کیلئے ہے۔ 25 کروڑ عوام پر اشرافیہ نے پنجے گاڑ رکھے ہیں اور عوام کو غلام بنا کر اپنی عیاشیاں ان کی جیبوں سے پوری کررہے ہیں جو اب مزید برداشت نہیں کریں گے۔ 2024 کے انتخابات میں ہمیشہ کی طرح25 کروڑ عوام کا مینڈیٹ چوری کرکے جعلی حکومت بنائی گئی۔ حکومت میں بیٹھے لوگ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ایک محلے کا کونسلر منتخب نہیں کرسکتے جو اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھ کر عوام کے پیسوں پر اپنی عیاشیاں کم کرنے کو تیار نہیں۔