لاہور ہائیکورٹ میں 9 مئی کے کیس کی تحقیقات کیلیے درخواست دائر

54

لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ میں9 مئی کے تمام کیس یکجا کرنے اور مفصل تحقیقات کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔چودھری محمد بلال ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اپنایا کہ شہریوں کو بروقت انصاف فراہم نہ کرنا آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،9 مئی واقعات پر صوبے بھر میں سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں پر کیسز درج کیے گئے ،بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر9 مئی واقعات کی سازش کا الزام لگایا گیا ،ایک سال میں ہزاروں لوگوں کو9 مئی واقعات کے کیسز میں گرفتار کیا گیا، ایک سال میں تحقیقات مکمل نہ ہونے سے جوڈیشل سسٹم پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں ،استدعا ہے کہ عدالت تمام کیسز یکجا کرنے اور تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے ۔عدالت ایک ہی نوعیت کے واقعات کے کیسز کے لیے گائیڈ لائنز اور فریم ورک بنانے کا حکم دے ،عدالت ان کیسز میں کریمنل پروسیجر کوڈ سیکشن 526 کے تحت اقدامات اٹھائے، عدالت پروسیجرل ریفارمز کے لیے ٹاسک فورس بنانے کا حکم دے،عدالت9 مئی کیسز کے ٹرائل اور تحقیقات میں دائرہ اختیار اور ابہام دور کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کا حکم دے،عدالت9 مئی کیسز کے ٹرائل روکنے کا حکم دے،عدالت نقص امن کے خطرے کے نام پر اختیارات کے غلط استعمال کو روکنے کا حکم دے۔