جبری گمشدگی کی ذمے داری وزیراعظم پرعاید ہوتی ہے‘ اسلام آباد ہائیکورٹ

58

اسلام آباد(آن لائن ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کے بھائی کو 6 اگست تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جبری گمشدگی کی تمام تر ذمے داری وزیر اعظم اور کابینہ پر عاید ہوتی ہے۔رپورٹ کے مطابق جسٹس میاں اورنگزیب نے رہنما شہباز گِل کے بھائی غلام شبیر کی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔جسٹس اورنگزیب نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ فریقین نے لاپتا شہری کی بازیابی کے لیے اقدامات کے حوالے سے کچھ نہیں کیا، سیکرٹری داخلہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے غلام شبیر کی بازیابی اور عدالت پیشی یقینی بنائیں۔حکم نامے کے مطابق دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، وزارت دفاع،ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے نمائندے پیش ہوئے اور تمام اداروں کے نمائندوں نے یک زبان ہو کر مغوی کے ٹھکانے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مغوی کے ٹھکانے سے لاعلمی کا اظہار جبری گمشدگی کا معاملہ ظاہر کرتا ہے۔ حکم نامے میں کہا کہ ضروری ہے کہ وزیر اعظم ہنگامی اقدامات کے ذریعے جبری گمشدگی کے اس مکروہ عمل کا سدباب کریں۔