کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کے شوٹر غلام مصطفیٰ بشیرآج پیرس اولمپکس میں 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل مقابلوں میں ایکشن میں ہوں گے۔پیرس اولمپکس کیلئے جانے والے 7 ایتھلیٹس میں سے اب پاکستان کے دو ایتھلیٹس ہی باقی ہیں جن میں سے ایک جی ایم بشیر اتوار کو ایکشن میں ہوں گے۔جی ایم بشیر 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل کے مقابلوں میں اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستان کے ٹاپ شوٹر 2022 میں مصر میں ہونیوالی رائفل / پسٹل ورلڈ چیمپئن شپ میں برانز میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی بنے تھے۔ ورلڈ چیمپئن شپ میں ان کا اسکور 584 رہا تھا۔جی ایم بشیر پاکستان کے تجربہ کار اولمپئن شوٹر ہیں، 2016 میں وہ 571 اسکور کے ساتھ 18 ویں اور 2020 میں وہ 579 کے اسکور کے ساتھ دسویں نمبر پر رہے تھے۔پیرس اولمپکس کے شیڈول کے مطابق 25 میٹر ریپڈ پسٹل کے دونوں کوالیفیکشن مرحلےآج ہی ہوں گے۔ پہلا مرحلہ دوپہر بارہ بجے اور دوسرا مرحلہ شام چار بجے شروع ہوگا۔مقابلے میں شریک 29 شوٹرز کو چار مختلف ری لیز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں شوٹرز دونوں مراحل میں دس، دس شاٹس پر مشتمل تین ، تین سیریز میں نشانے لگائیں گے۔ پہلی سیریز میں 8 سیکنڈز، دوسری میں 6 سیکنڈز اور تیسری سیریز 4 سیکنڈز میں نشانے مکمل کرنا ہوں گے۔ دو مراحل کے بعد ٹاپ چھ شوٹرز میڈل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کریں گے اور میڈل راونڈ 5 اگست کو کھیلا جائے گا۔