جولائی میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 11 فیصد کم ہو گئی

329

کراچی (کامرس رپورٹر ) ملک میں جولائی 2024ء کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی فروخت سالانہ بنیاد پر11 فیصد کم ہوکر 1.20 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی۔ آف ٹیک میں کمی ایم ایس اور ایچ ایس ڈی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کی گئی ہے جس کے نتیجے میں کھپت میں کمی، ایران سے اسمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور ایف او پر مبنی بجلی کی پیداوار کی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے۔جولائی 2024 میں ایم ایس کی فروخت میں سال بہ سال 10 فیصد کمی واقع ہوئی ، جو 0.59 ملین ٹن پر مستحکم ہوئی۔ اسی طرح جولائی 2024 ء￿ میں ایچ ایس ڈی آف ٹیک سال بہ سال 6.0 فیصد کم ہو کر 0.46 ملین ٹن رہ گیا۔ ایف او کی فروخت کا حجم سال بہ سال 46 فیصد گر کر 0.08 ملین ٹن رہا۔ مذکورہ وجوہات کی بنا ء پر جولائی 2024ء کے دوران ماہانہ بنیادوں پر پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں 17 فیصد کمی واقع ہوئی۔ جولائی 2024 میں ایم ایس کی آف ٹیک میں 16 فیصد کمی واقع ہوئی۔ اسی طرح ایچ ایس ڈی کی ترسیل میں 18 فیصد کمی آئی جبکہ ایف او کی فروخت میں 27 فیصد کمی واقع ہوئی۔کمپنی کی بنیاد پر جولائی 2024ء￿ میں پی ایس او کی فروخت سال بہ سال کی بنیاد پر 19 فیصد کم ہو کر 0.55 ملین ٹن رہی۔ پی ایس او کے ایم ایس، ایچ ایس ڈی اور ایف او کے آف ٹیک میں بالترتیب 22 فیصد، 22 فیصد اور 17 فیصد سالانہ کمی واقع ہوئی۔ تاہم، جولائی 2024 کے دوران شیل، حیسکول اور اے پی ایل کی ترسیل میں بالترتیب 8.0 فیصد، 12 فیصد اور 23 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔جولائی 2024ء کے دوران پی ایس او کا مارکیٹ شیئر 4.6 فیصد کم ہو کر 45.6 فیصد رہا۔