9مئی واقعات کی انکوائری:کے پی حکومت کا جوڈیشل کمیشن کیلیے خط پشاور ہائیکورٹ کو موصول

130

پشاور:9 مئی سے متعلق واقعات کی انکوائری کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کا جوڈیشل کمیشن کے  قیام کے لیے لکھا گیا خط پشاور ہائی کورٹ کو موصول ہوگیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کے پی کے حکومت نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے جوڈیشل کمیشن کے لیے جج مقرر کرنے کی درخواست کی ہے، اس حوالے سے 9 مئی واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے لیے خط پشاور ہائی کورٹ کو موصول ہوگیا ہے۔

خط موصول ہونے کے بعد جوڈیشل کمیشن کے لیے جوڈیشل افسر کی تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ قبل ازیں ایڈوکیٹ جنرل نے پشاور ہائی کورٹ کو 9 مئی واقعات کی انکوائری کے لیے مراسلہ ارسال کیا تھا۔

صوبائی کابینہ نے 27 جون کو 9 مئی واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی منظوری دی تھی، جس کے تناظر میں ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے 29 جولائی کو پشاور ہائیکورٹ کو جوڈیشل کمیشن کے لیے جج مقرر کرنے کے لیے مراسلہ ارسال کیا۔