کراچی:شہر قائد میں کل اتوار کے روز سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طاقت ور مون سون کی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھارتی راجستھان اور بحیرہ عرب سے سندھ کی جانب اثر انداز ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں کراچی میں اتوار کے روز بادل خوب گرج چمک کے ساتھ برسنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کی صبح سے شروع ہونےو الی بارش کراچی میں ہفتے کی صبح تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز ہوتی رہی۔ اس حوالے سے کیماڑی کے علاقے میں سب سے زیادہ 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل 6 اگست تک جیکب آباد، شکارپور، سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ، نوشہروفیروز، شہید بے نظیرآباد سمیت دیگراضلاع میں بارش کا امکان ہے جب کہ مذکورہ دورانیے میں حیدرآباد، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اورتھرپارکر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔