لاہور: لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک جرمن سیاح کو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا ۔
27 سالہ برگ فلورین جرمنی کا رہائشی ہے اور سائیکل پر پاکستان آیا تھا۔ وہ ایئرپورٹ کے قریب ایک سڑک پر ڈیرے ڈالے ہوئے تھا اور جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت وہ سو رہا تھا۔
دل شکستہ فلورین، جسے ایک ویڈیو میں روتے ہوئے دیکھا گیا تھا، نے پولیس کو بتایا کہ اس پر دو مسلح افراد نے حملہ کیا جنہوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا، اس کا موبائل فون، 500,000 روپے کی نقدی اور کیمرہ چھین لیا اور فرار ہوگئے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کینٹ اویس شفیق نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متاثرہ کی شکایت پر تفتیش شروع کردی ہے۔ وہ فی الحال مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے ہوائی اڈے اور ملحقہ علاقوں کی جانچ کر رہے ہیں۔
ایس پی شفیق نے کہا کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی مدد سے ان افراد کو تلاش کرے گی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) آپریشنز محمد فیصل کامران نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی شفیق سے رپورٹ طلب کر لی۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی اور یقین دلایا کہ انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی آئی جی کامران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی ساکھ خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
فلورین کے پاس پاکستان کا 30 دن کا وزٹ ویزا تھا جو 11 ستمبر کو ختم ہو جائے گا۔