لاڑکانہ: پولیس نے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا

151

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) پولیس نے کل یوم شہدائے پولیس اور 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر اپنے شہدا اور وطن عزیز سے محبت کا منفرد اظہار کرتے ہوئے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔ پولیس سربراہ ایس ایس پی میر روحل خان کھوسو نے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو شہداء اور وطن عزیز سے محبت کے اظہار میں اپنے تھانوں اور دفاتر میں درخت پودے لگانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی لاڑکانہ نے ایس پی ہیڈ کوارٹرز حسیب جاوید سومار میمن اور اے ایس پی محمد عاشر کے ہمراہ دعوت اسلامی کے تعاون سے شجر کاری مہم کا آغاز کردیا۔ ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم احمد شاہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ ایس ایس پی لاڑکانہ نے اپنے دفتر میں پہلا پودا لگاتے ہوئے ایس پی ہیڈ کوارٹرز حسیب جاوید سومار میمن کو پولیس ہیڈ کوارٹر لاڑکانہ میں درخت لگانے اور پولیس ہیڈ کوارٹر کو سبزہ زار بنانے کی ہدایات بھی جاری کردی ہے۔ اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں، سورج کی تپش اور گرمیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے وقت کی ضرورت ہے کہ ہر ایک فرد اور ادارہ ماحول کے مطابق اپنا کردار ادا کرے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ نے تھانوں اور پولیس دفاتر میں درخت/ پودے لگانے کی مہم کی نگرانی کے لیے اے ایس پی محمد عاشر کو خصوصی ہدایات جاری کردیں۔