سی ای او اٹک ریفائنری کا پٹرولیم قیمتوں میں مرحلہ وار ڈی ریگولیشن کا مطالبہ

223

کراچی (کامرس رپورٹر ) اٹک ریفائنری لمیٹڈ اور اٹک جنرل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عادل خٹک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مرحلہ وار ڈی ریگولیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ عادل خٹک نے اپنے ایک انٹرویو میں ڈی ریگولیشن کے لیے مرحلہ وار طریقہ کار اپنانے کی سفارش کی اور کہا کہ پہلے مرحلے میں سالانہ آڈٹ کے ذریعے بدعنوانیوں کی نشاندہی شامل ہونی چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے مرحلے میں ان لینڈ فریٹ ایکوالائزیشن مارجن (آئی ایف ای ایم) کو قیمتوں کے ڈھانچے سے ڈی ریگولیٹ کرنا ہوگا تاکہ ٹیکس ریفنڈ، جعلی مصنوعات اور ڈمپنگ سے متعلق مسائل حل کیے جاسکیں۔آئی ایف ای ایم ایک پولنگ میکانزم ہے جو 2001 میں ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی یکساں قیمتوں کو یقینی بنانے کے لئے متعارف کرایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی مضمرات کی وجہ سے صنعت کے اندر ایک متنازعہ مسئلہ بن گیا ہے، وقتاً فوقتاً حکام آئی ایف ای ایم کے ڈی ریگولیشن پر تبادلہ خیال کرتے ہیں اور یہ بات چیت حال ہی میں دوبارہ سامنے آئی ہے۔عادل خٹک نے کہا کہ آئی ایف ای ایم کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے نتیجے میں مختلف شہروں اور تیل کمپنیوں کے درمیان قیمتوں میں نمایاں فرق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں اور ریفائنریوں کے قریب صارفین سستے نرخوں سے فائدہ اٹھائیں گے۔