سوتی دھاگہ کی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ

100

کراچی (کامرس رپورٹر) ملک سے سوتی دھاگہ کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024میں ملک سے سوتی دھاگہ کی برآمدات کاحجم 956 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو مالی سال 2023 کے مقابلہ میں 13 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال 2023 میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 844 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔جون میں ملک سے سوتی دھاگہ کی برآمدات کا حجم 45 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جون کے مقابلہ میں 58 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال جون میں 107 ملین ڈالر مالیت کا سوتی دھاگہ برآمد کیا گیا تھا۔ مئی کے مقابلہ میں جون میں سوتی دھاگہ کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 29 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی۔ مئی میں سوتی دھاگہ کی برآمدات کا حجم 64 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو جون میں کم ہو کر 45 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ مالی سا ل2024 میں ٹیکسٹائل گروپ کی مجموعی برآمدات کا حجم 16.656 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو مالی سال 2023 کے 16.502 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 0.9 فیصد زیادہ ہے۔