کوئٹہ،جے یو آئی کا اسماعیل ہنیہ کی شہادت کیخلاف ریلیاں

111

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)جمعیت علما اسلام کے زیر اہتمام حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت کے واقعہ کے خلاف کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ مظاہرین نے شہید اسماعیل ہنیہ کو فلسطینی عوام کے لیے بے لوث خدمات سرانجام دینے پرخراج عقیدت پیش کیا۔کوئٹہ میں حماس کے رہنما محمد اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت کا واقعہ کے خلاف جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔شرکا نے میزان چوک سے منان چوک جناح تک مارچ کیا اور اسرائیلی حکومت کیخلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کاز کے لیے اپنی جان کی قربانی دی۔امت مسلمہ ایک عظیم انقلابی رہنما سے محروم ہوگئی۔ان کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے تحریک مزید مضبوط ہوگی۔ لاکھوں اسماعیل ہنیہ پیدا ہوں گے۔امت مسلمہ کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف مل کر آواز اٹھانا ہوگی۔مظاہرین نے حکومتی سطح پر اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا۔ جے یو آئی کے کے زیر اہتمام بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی ریلیاں نکال کر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔