اسلام آباد (آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک) حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جمعہ کو ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا،قومی پرچم سرنگوں رہا،پارلیمنٹ ہاؤس میں شہید اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ ادا کی گئی جبکہ قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی،قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظمشہباز شریف، بیرسٹر گوہر،پرویز اشرف،غفور حیدری،خالد مقبول صدیقی ودیگر نے کہا کہ فلسطینیوں کو تاریخ کے سخت ظلم کاسامنا ہے، بچوں کی پکار دل دہلا رہی ہے،آج ہر شخص دکھی ہے ،مشرق وسطیٰ جل رہا ہے اور مسلمان ممالک خاموش ہیں، فلسطینی ماؤں بہنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے میزائل حملے میں ایران کے دارالحکومت تہران میں محافظ سمیت شہید کیے جانے والے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر پورا عالم اسلام سوگوار ہے ، جمعہ کو پاکستان بھر میں یوم سوگ منایا گیا، ملک کے مختلف شہروں میں شہید اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی،پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں بھی اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ،نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر ، پیپلزپارٹی کے راجا پرویز اشرف ،پی ٹی آئی کے بیرسٹر گوہر ،وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنما اور قیادت شریک ہوئی۔ اس موقع فلسطین کی آزادی ور فلسطینی عوام کو درپیش مصائب کے خاتمے اور امت مسلمہ کی صفوں میں یکجہتی اور اتحاد کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ قومی اسمبلی میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسمبلی اجلاس کے دوران اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے معاملے پر قرارداد پیش کی، قرارداد میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسرائیلی مظالم کی وجہ سے 40 ہزار سے زاید فلسطینی شہید ہوئے ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے، یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے۔ قرارداد کے مطابق یہ ایوان فلسطینی بھائیوں کی حمایت کا اظہار کرتا ہے اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے، ساتھ ہی یہ ایوان غزہ میں فی الفور سیز فائر کا مطالبہ کرتا ہے۔قرار داد میں کہاگیا ہے کہ یہ ایوان فلسطین میں اسرائیل کی طرف سے جاری ریاستی جبر کو امت مسلمہ اور دنیا کے لیے ایک المیہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرتا ہے، فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اسماعیل ہنیہ کے خاندان اور فلسطینی عوام کے ساتھ تعزیت کرتا ہے۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور عالم اسلام اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی مذمت کرتا ہے، اس ایوان سے اس قرارداد کے ذریعے مضبوط پیغام جائیگا ،تمام اراکین کا شکریہ کہ انہوں نے اس قرارداد کو اتفاق رائے سے منظو ر کیا،تاریخ کے سخت ظلم و ستم اور جبر کا فلسطینیوں کو سامنا ہے صیہونی فوجیوں کی طرف سے 40 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا گیاہے گھر اجڑ چکے ہیں بچوں کی پکار دل دہلا رہی ہیں اس وقت انصاف کی فراہمی کی فریاد گونج رہی ہے، یانسانی حقوق کے ادارے بھی اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام ہیں اقوام متحدہ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہاصیہونی ریاست تمام حدیں پار کر چکی ہے عالمی انصاف کی عدالت اپنا فیصلہ دے چکی ہے ،اگر انصاف کے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو بے چینی پھیلے گی۔