کراچی: اپوزیشن لیڈر کے ایم سی ونائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ پندرہ سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن صورتحال مزید گھمبیر ہوتی جارہی ہے، نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے سے شہر میں جگہ جگہ بارش کا پانی کھڑا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کے ایم سی کی زیر صدارت بارشوں کے باعث شہر کی گھمبیر صورتحال کے پیش نظر جماعت اسلامی کے اراکین سٹی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں نائب امیر جماعت اسلامی کراچی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں بارشوں کے آغاز میں ہی مئیر کراچی کی کارکردگی کی قلعی کھل گئی،کراچی کے عوام کومشکل میں چھوڑ کر قبضہ مئیر کراچی مرتضی وہاب امریکا گھوم رہے ہیں۔
سیف الدین ایڈووکیٹ کا کہناتھا کہ کے ایم سی بلڈنگ مئیر آفس کے اطراف پانی کھڑاہے، سٹی کورٹ ایم اے جناح روڈ پر بارش کا کھڑا پانی عوام کی تکلیف کا باعث ہے،کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی نااہلی سےکراچی کے نالوں میں سیوریج کا پانی بھی ڈال دیاگیا ہے،سالڈ ویسٹ اپنی ذمے داری ادا نہیں کررہاہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ شہر کا کچرا بھی نالوں میں ڈالا جارہاہے جسکی وجہ سے نالے چوک ہوجاتے ہیں،مئیر کراچی سالڈ ویسٹ اور کراچی واٹر سیوریج کارپوریشن کے چئیرمین ہیں، مئیر کراچی سندھ حکومت کی نمائندگی کے بجائے کراچی کے عوام کی نمائندگی کریں،جماعت اسلامی کے ٹاؤن اور یوسی چئیرمینز مستقل کوشش کررہے کہ شہریوں کو مسائل سے نکالا جاسکے۔