اسلام آباد:چیئرمین تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کیا جاتا یہ کیمپ جاری رہے گا، یہ علامتی بھوک ہڑتال ہے جو ہم روز کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی بہت جلد باہر ہوں گے اور لیڈ کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسمبلی میں حکومت کیساتھ کھڑے ہو کر پارلیمان کی روایت کو برقرار رکھا ہے، پوری دنیا اکٹھی ہوگی تو ہی فلسطین کی آواز بلند ہوگی، پارلیمنٹ میں ہم نے یہ دکھایا ہے کہ فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ تحریک انصاف صوابی میں سب سے بڑا جلسہ کرنے جا رہی ہے، مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام کے لیے دوقت کا چولہا جلانا مشکل ہوگیا، لوگ آئے روز خودکشیاں کررہے ہیں، مہنگائی پر قابو پانے کے بجائے ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہاہے۔