سانگھڑ،بارشوں سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایات

129

سانگھڑ( نمائندہ جسارت ) سانگھڑ میں مون سون کی امکانی بارشوں سے نمٹنے کے لئے کثیرالجہتی حکمت عملی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے تحت متعلقہ محکموں کو نکاسی آب، برساتی نالوں کی صفائی ستھرائی اور پمپنگ مشینوں کو درست حالت میں رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جبکہ بارشوں کی صورتحال کی نگرانی کے لئے ڈپٹی کمشنر آفیس میں ایک ڈسٹرکٹ کنٹرول روم بھی قائم کیاجائے گا۔ آج ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ کی زیر صدارت مون سون کی امکانی بارشوں کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے تمام افسراں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے مون سون کی امکانی بارشوں کی پیش نظر تمام تر انتظامات قبل ازوقت مکمل کرلئے ہیں اس کے باوجود بھی تمام تعلقوں میں امکانی برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ نشیبی اور شہری علاقوں سے برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے لئے پمپنگ مشینیں درست حالت میں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایات دی کہ اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور مطلوبہ ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ جبکہ امکانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں موبائل طبی ٹیمیں روانہ کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے اور گرمی کے پیش نظر ہیٹ ویوز سے بچاؤ کے لیے انتظامات بھی کئے جائیں۔ انہوں نے تعلقہ انتظامیہ کو ہدایات دی کہ وہ ضلع انتظامیہ سے قریبی رابطے میں رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت آگاہ کریں جبکہ فائر بریگیڈ گاڑیوں کو بھی درست حالت میں رکھا جائے۔انہوں نے بتایا کہ ان دفتر میں ایک ڈسٹرکٹ کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جبکہ اسی طرح ہر تعلقہ میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو امکانی بارشوں کے نقصانات سے بچانے کے لئے سرگرم ہے اور تمام تر انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تمام میونسپل، ٹاؤن کمیٹیز اور یوسیز سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ امکانی بارشوں کے فوراً بعد تمام علاقوں میں مچھر مار اسپرے کروائیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم جتوئی، ایس ایس پی سانگھڑ اعجاز احمد شیخ، کیپٹن پاک آرمی چھور کینٹ عبدالوہاب سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔