کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ موسمیات نے کل سے 5 اگست تک مزید گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ 2 اگست سے سندھ پر اثر انداز ہوگا جس کے زیراثر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 2 اگست سے طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ راجستھان بھارت اور بحیرہ عرب سے سندھ پر اثر انداز ہوگا، نئے مون سون سسٹم سے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تھر پارکر، بدین، سجاول، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہیار، جیکب آباد، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، کشمور، لاڑکانہ، خیرپور، میرپورخاص، عمر کوٹ، نوشہرو فیروز، گھوٹکی، سکھر و دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوگی۔ موسلا دھار بارش کے باعث سندھ کے نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں اور نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔