پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور میں جرائم پیشہ افراد نے شہریوں کو ڈرانے کے لیے نیا حربہ اپنا لیا ہے، بھتا خور دھمکی آمیز خطوط اور کالز کے بعد اب تابوت بھی بھجوانے لگے ہیں۔پشاور کے علاقہ فقیر آباد میں بھتاخوروں نے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کو دھمکی آمیز خطوط اور فون کالز کے بعد گھر پر 2 تابوت بھجوا دیے۔پولیس نے تابوت لیکر آنے والے رکشوں کو تحویل میں لیکر تھانہ فقیر آباد میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ کچھ روز قبل بھی کاروباری شخصیت کے دفترپرفائرنگ کی گئی تھی جس کامقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق بھتے کی کال کرنے والا شخص خود کو سرکاری ادارے کا افسر ظاہر کرکے ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک غلام قادر سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہا تھا۔پولیس کے مطابق بھتا خوروں کی جانب سے ایک ماہ سے مسلسل دھمکی آمیزکالیں موصول ہونے کے بعد کاروباری شخصیت نے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے تابوت قبضے میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔