وزیر اعلیٰ سندھ 19ویں مائی کراچی نمائش کا آج افتتاح کریں گے

244

کراچی (کامرس رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 2 اگست 2024 بروز جمعہ ایکسپو سینٹر کراچی میں 19ویں مائی کراچی نمائش کا افتتاح کریں گے جہاں 300 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں۔کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر افتخار احمد شیخ نے نمائش کی چند نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ تین روزہ نمائش، جو 4 اگست 2024 کو اختتام پذیر ہوگی، بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کنزیومر میٹنگز کا ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کراچی والوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کا موقع پیش کرے گی جو ہر سال اس شاندار تقریب میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین اسپیشل کمیٹی برائے مائی کراچی نمائش اور سابق صدر کراچی چیمبر محمد ادریس کی طرف سے کی گئی تمام تر محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نمائش کے تین دنوں کے دوران تقریباً آٹھ لاکھ شرکاء کی توقع کر رہے ہیں جبکہ دوست ممالک کے متعدد سفارت کاروں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کے سی سی آئی نمائش کے دوسرے روز ”پائیدار ٹیک: گرین انٹرپرینیورشپ، کلائمیٹ ٹیک اینڈ ایکو فرینڈلی انوویشنز” کے موضوع پر ایک سیمینار کا بھی اہتمام کیا جائے گاجس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی رضامندی دی ہے جبکہ اختتامی تقریب اور پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اہم صوبائی وزراء کی شرکت کا امکان ہے۔ مائی کراچی نمائش کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ 2004 میں مرحوم سراج قاسم تیلی کے بطور صدرکراچی چیمبر کے دور میں یہ محسوس کیا گیا کہ کراچی شہر کے بارے میں منفی تاثر کودرست کرنے کی ضرورت ہے جو بنیادی طور پر میڈیا خصوصاً مغربی میڈیا کے منفی پروجیکشن کی وجہ سے ابھرا لہذا ہم نے مائی کراچی نمائش منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کراچی چیمبر کے تمام سابق صدور کاانتھک کوششوں کی بدولت اس نمائش میں ہر سال بہتری آتی رہی کیونکہ ہر سال ہی اس شو میں کچھ نیا متعارف کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ نمائش شہر کی سب سے بڑی تقریبات میں سے ایک بن گئی ہے۔ 2020 اور 2021 کو چھوڑ کر جب نمائش کو کووڈ وبائی بیماری کے پھیلنے کی وجہ سے منعقد نہیں کیا جاسکا، کراچی چیمبر 2004 سے بغیر کسی تجارتی مقصد کے صرف کراچی کے مثبت امیج کو فروغ دینے اور میڈ ان پاکستان کی ٹیگ لائن کے ساتھ باقاعدگی سے اس شو کا انعقاد کرتا چلا آرہا ہے۔ افتخار شیخ نے اس تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے سندھ حکومت، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، کے ایم سی، سندھ پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ و دیگر کے تعاون کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ 19ویں مائی کراچی نمائش میں معروف مینوفیکچررز اور برانڈز ایک بار پھر اپنی تجارت کو ہم آہنگ کرنے کے مقصد سے حصہ لے رہے ہیں۔ کے سی سی آئی یقیناً کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ اور انتہائی مشکل ماحول میں ان کی ہر ممکن مدد کرنے میں قابل ستائش کردار ادا کر رہا ہے۔ کے سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ مائی کراچی نمائش 2024 کراچی بالخصوص اور بالعموم پاکستان کے حقیقی تجارتی امکانات کو تلاش کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرے گی جو قدرتی حسن، روایات اور ثقافتی ورثے کا گھر ہے۔ اس تقریب میں زیادہ سے زیادہ شرکاء کو راغب کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے تاکہ کراچی شہر کے مثبت امیج کو فروغ حاصل ہو سکے جو ملک کا معاشی اور مالیاتی مرکز ہے۔ انہوں نے مزید کہا ایک مخصوص فوڈ کورٹ کے علاوہ نمائش کے دوران پالتو جانوروں اور پرندوں کے شوز، آتش بازی اور میوزیکل شوز کے انعقاد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ آنے والی فیملیز کو بھوپور طریقے سے تفریح مل سکے۔