یو بی جی کا وفاقی کابینہ کی تاریخی ویزا پالیسی اصلاحات کا خیرمقدم

302

کراچی(کامرس رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے وفاقی کابینہ کی تاریخی ویزا پالیسی اصلاحات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سیاحت، سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ یو بی جی کے صدر زبیرطفیل،چیئرمین سندھ ریجن خالدتواب،گروپ ممبران حنیف گوہر، مظہر اے ناصراورمومن علی ملک نے وفاقی کابینہ کی جانب سے تاریخی ویزا پالیسی اصلاحات کے اس فیصلے کا پورے دل سے خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت 126 ممالک کے سیاحوں اور کاروباری افراد کو پاکستانی ہوائی اڈوں پر 24 گھنٹوں کے اندر بغیر کسی ویزا فیس کے ویزا حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ یو بی جی رہنماؤں نے اس اقدام کو پاکستان کی معیشت کے لیے ایک ”گیم چینجر” بھی قرار دیا ہے۔صدر یو بی جی زبیرطفیل نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے ملکی سیاحت، غیر ملکی سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور پاکستان بین الاقوامی کاروباروں اور سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام بن جائے گا۔ خالدتواب نے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کی کوشش معاشی ترقی، ملازمتوں کی تخلیق اور آمدنی میں اضافہ کا سبب بنے گی۔ مظہرعلی ناصرنے تیسرے ممالک کے پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کی تعریف کی ہے، جو انہیں آمد پر ویزا حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرے گی، مذہبی سیاحت اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دے گی۔ یہ اقدام حکومت کی شمولیت اور تنوع کے عزم کا مظہر ہے۔ حنیف گوہرنے کہا کہ یہ تاریخی ویزا پالیسی اصلاحات حکومت کے ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کے وڑن کی عکاس ہے۔