کراچی (رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤنز کو او زیڈ ٹی اور سالانہ ترقیاتی فنڈز جاری کرنے سے گریز کررہی ہے جس کی وجہ سے مذکورہ ٹاؤنز کو مالی بحران کا سامنا ہے۔ اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ سندھ حکومت کھلے تعصب کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کے نتیجے میں جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤنز میں ترقیاتی کام اور دیگر امور کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس ضمن میں گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے منظور شدہ اور دیگر فنڈز کا جاری نہ ہونا اور شہر کراچی کے ان تمام ٹاؤنز کے خلاف غیر منصفانہ رویہ اختیار کیا جانا دراصل شہر کراچی کے خلاف غیر منصفانہ اقدام ہے۔ ڈاکٹر فواد نے کہا کہ اس ضمن متعدد بار صوبائی حکام کو خطوط بھی لکھے جاچکے ہیں لیکن حکومت کی طرف سے اس بارے میں کوئی بھی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے مجوزہ اسکیموں پر عمل درآمد کیا جانا مشکل ہوگیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین نے وزیراعلی سندھ پر زور دیا ہے کہ جلد سے جلد جماعت اسلامی کے تمام ٹاؤنز کو فنڈز کا اجرا کیا جائے تاکہ شہر میں عوامی مفاد میں ترقیاتی کام تیزی سے مکمل کیے جاسکیں۔