کاش کوئی پرویز مشرف جیسا آئے اور پاک بھارت کرکٹ بحال کرائے، یونس خان

333

کراچی:قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ کاش کوئی پرویز مشرف  جیسا آئے اور پاک بھارت کرکٹ کو بحال کرائے۔

ککری گراؤنڈ کراچی میں گرین لیاری کی تقریب  کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ پاکستان اورت بھارت کے مابین کرکٹ بہت ضروری ہے، میں اس  بات کا خواہاں ہوں کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما پاکستان آئیں اور یہاں آکر کھیلیں۔

پی سی بی میں انتظامی تبدیلیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ وقار یونس کا پاکستان کرکٹ بورڈ میں کھیل کے معاملات کی نگرانی کرنا اچھا شگون ہے، اس سے پاکستان کرکٹ میں بہتری کے امکانات پیدا ہوں گے۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے مابین کرکٹ روابط قائم رہنے چاہییں، میں اس کی  حمایت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب بھارت جاتے ہیں تو وہاں ہماری بہت عزت کی جاتی ہے، اسی طرح میں بھارتی کھلاڑیوں کو بھی پاکستان میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کا خواہاں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ میں بہتری کے بہت امکانات ہیں، بورڈ میں کئی چیئرمین تبدیل کیے جا چکے ہیں۔ ہمیں دراصل اپنے انفرا اسٹرکچر کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔وقار یونس کو چاہیے کہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسائل حل کریں۔