اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پر 130 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرضہ ہے تو پریشان نہ ہوں، لوگ ڈراتے ہیں بڑے قرضے ہیں یہ ہوجائے گا کچھ نہیں ہوگا۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا مایوسی پھیلانے اور لوگوں کو ڈرانے کی ضرورت نہیں، ملک سے منفی رویے کو ختم کرنا ہوگا۔ پاکستان کی معیشت میں بہت صلاحیت ہے۔ اگر ملک پر 130 ارب ڈالر کا قرض ہے تو پریشان نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی 30 فیصد سے کم ہوکر 10 فیصد تک آگئی ہے، معاشی ترقی کے مواقع موجود ہیں، صرف رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت ہے، میکرواکنامک معیشت میں پاکستان مستحکم ملک ہے، لوگ ڈراتے ہیں بڑے قرضے ہیں یہ ہوجائے گا کچھ نہیں ہوگا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کے انضمام کے لیے بہت محنت کی، 2016 میں تینوں اسٹاک مارکیٹس کا انضمام کیا گیا۔