ّ17 سیٹوں والوں کو وزیراعظم بنا دیا گیا، لطیف کھوسہ

214

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق گورنر پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ جب حکومت ہی اسٹبلشمنٹ چلا رہی ہے تو مذاکرات بھی ان سے ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 17 سیٹوں والوں کو وزیراعظم بنوا دیا، نواز شریف بھی ہارا، مریم بھی ہاری، شہباز شریف بھی ہارا ہوا ہے، ملک میں جب حکومت ہی اسٹبلشمنٹ کی ہو تو مذاکرات بھی ان ہی سے ہوں گے کیوں کہ انہوں نے ہی جعلی فارم 47 دیکھ کر ان کو حکومت دی ہے، مریم نواز پنجاب میں ایک سپاہی کا تبادلہ نہیں کرسکتی۔ایک سوال کے جواب میں سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق حکومت نے کل جو بل پیش کیا جس کمیٹی میں گیا اس کمیٹی کا حصہ میں بھی ہوں، ہم اس کمیٹی میں اس بل کی بھرپور مخالفت کریں گے، اس بل کو پارلیمانی کمیٹی سے پاس نہیں ہونے دیں گے، اس کے علاوہ ہم مخصوص نشستوں سے متعلق کل قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے والے بل کو عدالت بھی لے جائیں گے۔رہنماء پی ٹی آئی لطیف کھوسہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ کسی ادارے میں ایڈہاک ازم قابل قبول نہیں، ایڈہاک ازم بدنیتی کی بنیاد پر ہوتی ہے، کوئی ایسی چیز نہیں ہونے دیں گے جس سے انصاف پر قدغن لگتی ہو، ایڈہاک ججز کا بل پارلیمانی کمیٹی میں مسترد کر دیں گے، اس وقت عوام کی حالت پتلی ہے اور وزیر اعلی پنجاب 150 گاڑیوں کے جلوس میں چلتی ہیں، حکمران عوام کے پیسے پرعیاشی کررہے ہیں، آئی پی پیز میں اربوں کا ڈاکہ مارا جا رہا ہے، پاکستان میں مارا ہوا ڈاکہ کسی صورت ان کے پاس نہیں رہنے دیں گے، لوٹی رقم واپس لائیں گئے۔