لاہور (نمائندہ جسارت) عوامی رکشا یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ 02 اگست اسرائیلی بربریت کے خلاف پریس کلب سے امریکی قونصلیٹ تک احتجاجی ریلی نکالیں گے۔ اسرئیلی وزیر اعظم کا پتلا بھی نذر آتش کریں گے۔اسرائیل دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد بن چکا ہے کہ پوری دنیا میں اسلامی دنیا کے نامور اور حقیقی رہنمائوں کو چن چن کر شہید کر رہا ہے۔ عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔وہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کررہاہے۔اسرائیلی یہودیوں نے جدید تعلیم کے ذریعے پوری دنیا کی معیشت پر قبضہ کررکھا ہے ۔جدید ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرکے جہاں چاہتا ہے حملہ کردتیا ہے ۔جبکہ ہمارے اسکولوں میں جو تعلیم دی جاتی ہے وہ صرف اور صرف کلرک پیدا کرتی ہے۔حکومت پاکستان اسکولوں سے دکیا نوسی کورسز کا خاتمہ کر کے جدید کورسز پڑھائے جائیں۔اعلیٰ تعلیم یافتہ اور قابل اساتذہ کرام بھرتی کئے جائیں چاہے ان کو تنخواہیں وزیر اعظم کے برابر ہی کیوں نہ دینی پڑیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین کی سیاسی جماعت حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نماز جنازہ میں سیکڑوں رکشا ڈرائیوروں نے شرکت کی۔ مجید غوری کا کہنا تھا کہ اسماعیل ھانیہ ایک عظیم لیڈر تھے۔ اسرائیل کیلیے خوف کی علامت تھے ۔ ان کی شہادت ایک بڑا سانحہ ہے ۔جس کو بھلایا نہیں جاسکتا۔اب پوری امت مسلمہ کا مل کر اسرائیل کا راستہ روکنا ہوگا ورنہ بہت دیر ہو جائے گی۔2اگست کو ہزاروں رکشا ڈرائیور پریس کلب کے باہر جمع ہوں گے اور اسرائیل کے خلاف ریلی نکالیں گے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔