کوئٹہ(نمائندہ جسارت)جمعیت علما اسلام نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دے دی ہے ،واقعے کے خلاف 2 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔کوئٹہ میں جے یو آئی کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالوسع نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حماس کے سیاسی رہنما محمد اسماعیل ہنیہ کو قتل کردیا گیا۔ اسماعیل ہنیہ حماس کے لیڈر تھے۔ وہ ہمیشہ شہادت کے طلبگار تھے۔ انہوں نے فلسطین کاز کے لیے اپنی جان کی قربانی دی۔جمعیت علما اسلام اسماعیل ہنیہ کے قتل کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کے خلاف 2 اگست کو بروز جمعہ ملک بھر میں فلسطین میں جاری جارحیت کے خلاف احتجاج کریں گے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ بڑی تعداد نکلیں اور فلسطین میں جاری جارحیت کے خلاف آواز اٹھائیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلافم مذمتی قراردادیں پیش کریں گیاور بھرپور آواز اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا فلسطین میں روزانہ سیکڑوں تعداد میں لوگ شہید ہورہے ، خواتین اور بچوں کا قتل عام جاری ہے۔ ایک سال کے دوران ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ امریکا کی قیادت میں فلسطین پر جارحیت جاری ہے۔ ہر روز امریکا اسرائیل کی حمایت میں بیان سے رہا ہے کیا ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ فلسطین کے بعد ہم بچ جائیں گے تو پھر ہماری سوچ غلط ہے۔ امت مسلمہ کو اب جاگنا اور مظلوم فلسطنیوں کا ساتھ دینا ہوگا۔سینیٹر مولانا عبدالوسع نے کہا کہ غلط پالیسیوں کی وجہ سے گوادر میں عوام کاسمندر نکلا ہے ، تجویز ہے اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، عوام اور فورسز کو نہیں لڑانا چاہیے ، حکومت فوری طور پر مسئلہ کا حل نکالے اور مظاہرین سے مذاکرات کرے۔