سکھر (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع سکھر کی جانب سے حماس کے قائد ، مجاہد رہنما اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت پر شہر کی مرکزی شاہراہ چوک گھنٹہ گھر پر امیر ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو کی امامت میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی کی گئی۔اس موقع پر نائب امرا ئے ضلع ایڈووکیٹ سلطان احمد لاشاری ،حافظ عبدالحلیم تنیو ، منیر احمد لاشاری، الخدمت پریم یونین کے مرکزی رہنما خیر محمد تنیو ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن سکھر ڈاکٹر عبدالمجید میمن ،منتظم جمعیت طلبہ عربیہ شہباز علی بگٹی ،سرفراز صدیقی ،معراج خان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر پر خطاب کرتے ہوئے مولانا حزب اللہ جکھرو نے کہا کہ مجاہد رہنما اسماعیل ہنیہ صرف ایک شخصیت نہیں بلکہ تحریک آزادی فلسطین کے روح رواں تھے، ان کی شہادت ایک بڑا سانحہ ہے تاہم فلسطین پر اسرائیلی غاضبانہ قبضے کیلیے جہاد جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت مسلم حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو صرف اظہار مذمت اور قرار دادوں پر اکتفا کیے خاموشی سے مظلوم فلسطینیوں پر صیہونی جارحیت دیکھ رہے ہیں، غزہ فلسطین پکار رہا ہے، مسلم امہ کو متحد ہو کر جارحیت کا جواب دینا ہوگا۔