اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان میںگلگت بلتستان کو 5واں صوبہ بنانے کی تجویزپیش کردی گئی، ارکان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان متنازع خطہ نہیں ہے، صوبے کا درجہ دیا جائے۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی پروفیسر ساجد میر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے وفاقی وزیر امورکشمیر امیرمقام کی اجلاس میں عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سا بقہ قائمہ کمیٹی برائے امور و کشمیر کے ساتھ بھی یہی رویہ اختیار کیا گیا تھا ۔قائمہ کمیٹی کے آزاد جموں کشمیر کے دورے کے حوالے سے بھی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا گیا تھا ۔اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رہنما قانون دان سینیٹر حامد خان نے کہا کہ گلگت بلتستان متنازع خطہ نہیں ہے، اس کو آزاد کشمیر سے الگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ہمارے بہترین مفاد میں ہے کہ اس کو5ویں صوبے کا درجہ دیا جائے، پاکستان کی نیشنل سیکورٹی کے لیے بھی یہ بہتر ثابت ہوگا۔