کراچی (کامرس رپورٹر)گوگل کلائوڈ کے زیر اہتمام ٹیک ویلی کے اشتراک سے پہلے اسٹارٹ اپ کمپیٹیشن پاکستان 2024 کے مقابلے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے جس میں 70سے زائد شہروں سے 700خیالات ،مصنوعات اور خدمات پر مشتمل کاروباری آئیڈیاز پیش کئے گئے۔فرحان قریشی، ریجینل ڈائریکٹر، گوگل پاکستان نے کہا’’ اختراعی خیالات کے انکیوبیٹر کے طورپر اسٹارٹ اپس مستقبل کے ڈیجیٹل منظرنامہ کیلئے روایتی صنعتوں کو نئی جہت دینے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے جس سے پاکستان کیلئے اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے۔ اسٹارٹ اپس کے فروغ میں مدد اور معاونت گوگل کلائوڈ کیلئے اسٹریٹجک لحاظ سے ہمیشہ سے اہم رہاہے۔ ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس کو ضروری ہنر اور مہارتوں سے لیس کرکے ہم پاکستان کی طویل خوشحالی میں قابل قدر سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ڈیجیٹل معیشت میں کامیابی کیلئے ملک کو بااختیار بنا رہے ہیں ۔مقابلہ جدت اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوا جس میں اے آئی اور جنریٹو اے آئی، فن ٹیک، پائیداری اور ماحولیات، ای کامرس اینڈ کنکٹیویٹی اور فرنٹیئر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز پر مشتمل پانچ اہم ٹریکس پیش کئے گئے۔ اسٹارٹ اپس نے پاکستان کے بڑے شہروں میں مانیٹرنگ سیشنز کے ذریعے اپنے آئیڈیاز میں نکھارلانے کیلئے بہتری کے شعبوں کی نشاندہی کی۔