بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ اور اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے گزشتہ سال اٹلی کے نکلنے کے بعد پہلی بار بات چیت کی ۔ بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں میلونی نے دونوں ممالک کے تجارتی عدم توازن کو درست کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تجارتی تعلقات کو متوازن کرنے کے لیے کام کرنے کے ساتھ، اقتصادی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی امید ظاہر کی۔ چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر شی نے میلونی کی درخواست کا مثبت جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ اعلیٰ معیار کی اطالوی مصنوعات کی مزید درآمد کا خیرمقدم کرتا ہے۔ واضح رہے کہ اٹلی جی 7کا واحد رکن تھا جس نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس اقدام کا مقصد ایک بڑے اقتصادی زون کی تخلیق تھا۔ چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کے تناظر میں اس منصوبے سے اٹلی نے دستبرداری اختیار کرلی تھی۔