اسماعیل ہنیہ کو نشانے والا میزائل ایران سے باہر سے داغا گیا، لبنانی ذرائع

329

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے حوالے سے مختلف اور متضاد خبریں گردش کر رہی ہیں۔ ابتدا میں بتایا گیا کہ اسماعیل ہنیہ اور ان کے گارڈ کو گولی ماری گئی۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر سعودی ذرائع کے حوالے سے یہ خبر آئی کہ اسماعیل ہنیہ کو رات کے دو بجے میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

اب ایک اسرائیل اخبار نے لبنان کے میڈیا آؤٹ لیٹ المیعادین کے حوالے سے بتایا کہ جس میزائل نے اسماعیل ہنیہ اور اُن کے گارڈ کو شہید کیا وہ ایران کی فضائی حدود سے باہر سے داغا گیا تھا۔

دریں اثنا ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا جواب ضرور دیا جائے گا۔ اسرائیل کو اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

ایران کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے ایران اور فلسطین کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک بیان میں کہا کہ اسماعیل ہانیہ کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔