اسماعیل ہنیہ کو شہید کیے جانے کا بدلہ لیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، حماس

593

تہران:فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کیے جانے کا بدلہ لیے جانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماس کے ترجمان خلیل الحیہ نے کہا کہ القسام بریگیڈ اس وقت تک چین سےنہیں بیٹھے گی، جب تک اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ نہ لے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے رہنما نے اپنے دین اور ملک کے لیے جان قربان کردی ہے۔

خلیل الحیہ نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کو قوم اور پوری دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی۔ وہ غیر معمولی حالات میں شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کہیں چھپے ہوئے نہیں تھے اور نہ ہی وہ غیر معروف تھے، ان کی شہادت کسی فوجی یا ایجنسی کی کامیابی نہیں ہے، وہ سرکاری دورے پر تھے اور مختلف وفود سے ملاقاتوں میں مصروف تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسماعیل ہنیہ کو میزائل حملے میں شہید کیا گیا  ہے۔ فی الحال ہم ایرانی بھائیوں کی جانب سے واقعے کی مکمل تفتیش کے منتظر ہیں۔