کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، موسمیات، گلشن جمال، صدر، کلفٹن گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ ، آئی آئی چندریگر روڈ، کیماڑی، سلطان آباد، گرومندر اور اطراف کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔ کراچی میں تاحال مطلع ابر آلود ہے جبکہ بارش کے باعث حبس کی شدت میں کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ آج بھی وقفے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ مون سون سیزن میں کراچی میں مزید بارش کی توقع ہے، 4 اگست سے مشرقی سندھ سے شدت کی مون سون ہوائیں داخل ہونگی، 4 سے 6 اگست کے دوران سندھ کے بیشتر مقامات پر تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران کراچی میں بھی اچھی بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک سب سے زیادہ بارش گڈاپ میں 42.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، دوسرے نمبر پر اورنگی ٹاؤن میں 26.4 ملی میٹر بارش ہوئی، اس کے علاوہ سرجانی ٹاؤن میں 18.4 ملی میٹر، پاپوش نگر میں 9.6 ملی میٹر، گلستان جوہر میں 8.4 ملی میٹر، ماڑی پور میں 8 ملی میٹر، کیماڑی میں 3 ملی میٹر، شارع فیصل پر 2 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 1.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے کم بارش بن قاسم میں صرف 0.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔