کراچی(اسٹاف رپورٹر) ادارہ ترقیات کراچی کا رواں مالی سال25 ۔2024ء کا 17 ارب روپے سے زائد کا بجٹ رواں ماہ کے اختتام تک منظور نہیں ہوسکا۔ گورننگ باڈی کا کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے بجٹ کی منظوری تاخیر کا شکار ہے۔ کے ڈی اے کا25۔ 2024ء کا بجٹ منظور نہ ہونے کی وجہ سے مالی امور ٹھپ ہوکر رہ گئے۔ افسران روزمرہ کے اخراجات کے لیے مشکلات کا شکار۔ مختلف محکموں میں اسٹیشنری سمیت ضروری سامان کی عدم دستیابی کی وجہ سے عملے سمیت شہری بھی پریشان ہیں۔ذرائع کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی کا رواں مالی سال کے لیے 17 ارب روپے سے زائد کا بجٹ رواں سندھ حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے تاحال منظور نہیں ہوسکا ہے جس کی وجہ سے ادارے کے مالی امور مکمل طور پر ٹھپ ہو چکے ہیں ذرائع کے مطابق ڈی جی کے ڈی اے کی خصوصی منظوری سے ملازمین کو تنخواہ اور پینشن ادا کی گئی ہے جبکہ دیگر اخراجات افسران اپنی مدد آپ کے تحت اٹھا رہے ہیں ذرائع نے بتایا کہ کے ڈی اے نے رواں مالی سال کے لیے 17 ارب روپے سے زائد کا بجٹ گزشتہ ماہ تیار کرلیا تھا بجٹ میں ملازمین کی تنخواہ،پینشن سمیت مختلف ادائیگیوں کے لیے 11 ارب 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ترقیاتی بجٹ کا حجم 3 ارب 20 کروڑ روپے ہے جبکہ رواں مالی سال کے لیے بجٹ میں ریکوری حدف 9 ارب روپے رکھا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال 2023-24 میں اسٹیبلشمنٹ کا بجٹ 10 ارب 15 کروڑ،ترقیاتی بجٹ 3 ارب 16 کروڑ روپے تھا ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کے ڈی اے شدید مالی بحران کا شکار ہے ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے کے ڈی اے کی گورننگ باڈی مکمل کرنے میں تال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔