لاہور:قومی ٹیم کے سابق (ٹیسٹ) کپتان وقار یونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم ذمے داریاں سنبھال لیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے وقار یونس کو مشیر برائے کرکٹ کی ذمے داریاں سونپ دی ہیں۔ یہ فیصلہ انہوں نے اپنے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وقار یونس نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے گزشتہ روز ملاقات کی تھی، جس کے بعد انہوں نے منگل کے روز اپنے عہدے کا چارج لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ وقار یونس قومی ٹیم کے ماضی میں ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
سابق فاسٹ بالر، ٹیسٹ کپتان، بالنگ کوچ، اور کمنٹیٹر وقار یونس نئی ذمے داریوں میں قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق امور کے نگراں ہوں گے۔ اس کے علاوہ وہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ، سلیکشن کمیٹی، کوچز سے متعلق معاملات اورکھیل کی پلاننگ کو بھی دیکھیں گے جب کہ چیئرمین پی سی بی انتظامی معاملات پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔
دوسری جانب کرکٹ کے حلقوں نے وقار یونس کے پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کو پاکستان کرکٹ کے لیے اچھے نتائج کی امید قرار دیا ہے۔