اسلام آباد:ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کا مرکزی سیکرٹریٹ فوری کھولنے کا حکم دے دیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی اپنا مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جس میں عدالت نے سی ڈی اے کا اقدام کالعدم قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ فوری کھولنے کا حکم دے دیا۔
دوران سماعت عدالت نے تحریک انصاف کو عمارت میں آگ سے بچاؤ کے حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی، کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی حکام کے ساتھ 10 قسم کے انتظامات کرنے پر متفق ہو گئی ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی حکام نے سی ڈی اے سے اتفاق کیا کہ وہ آگ بجھانے کے آلہ جات ہر فلور پر نصب کریں گے۔ چھت پر فائر پمپ ، الگ سے پانی کا ٹینک ، مینوئل الارم سسٹم نصب کیا جائے گا جب کہ عمارت کے باروچی خانے (کچن) کی حفاظت کے لیے گیس ڈیٹیکٹر ، ایمرجنسی نمبر آویزاں کیے جائیں گے اور عمارت میں بجلی کی باقاعدہ وائرنگ بھی کی جائے گی۔