پیرس اولمپکس میں 6 گولڈ میڈلز کے ساتھ جاپان سرفہرست،میزبان فرانس دوسرا اور چین کا تیسرانمبر

214
Pakistan's Arshadandim reached the final

پیرس : سمر اولمپکس 2024 میں میڈلز کی جنگ کا آغاز ہوچکا ہے، تین روز کے دوران جاپان 6 گولڈ میڈل کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ میزبان فرانس 5 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے اور چین 5 گولڈ میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

تیسرے روز آرچری میں کورین کھلاڑیوں کی بالادستی برقرار رہی، برطانیہ نے بھی گولڈ میڈلز جیت لیے جبکہ جرمن رائیڈر مائیکل نے کیریئر کا تیسرا اولمپک گولڈ میڈل جیت کر ایکسوٹرئین میں نیا ریکارڈ بنادیا۔

پیرس اولمپکس میں مقابلوں کے تیسرے روز ویمن 10 میٹر ایئر رائفل میں کوریا کی بین ہیون نے اولمپک ریکارڈ برابر کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا، 16 سالہ ایتھلیٹ نے دو سو اکیاون اعشاریہ آٹھ پوائنٹس سکور کیے۔ مینز 10میٹر ایئر رائفل میں چین کے شینگ لی ہاؤ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا ، اسی طرح سوئیڈن نے چاندی اور کروشیا نے برانز میڈل جیتا، مینز ڈائیونگ کے 10 میٹر سنکورانائزڈ پلیٹ فارم میں چین نے سونے، برطانیہ نے چاندی اور کینیڈا نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

ایکوسٹرین کے ٹیم جمپنگ ایونٹ میں برطانیہ نے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا، پیرس اولمپکس میں یہ برطانیہ کا پہلا گولڈ میڈل تھا، برطانیہ نے دوسرا گولڈ مینز سائیکلنگ ماؤنٹین بائیک کے کراس کنٹری ایونٹ میں تھامس پڈکاک کی کامیابی کے ساتھ جیتا، اس ایونٹ میں فرانس نے چاندی اور جنوبی افریقا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ایکوسٹرین کے انفرادی جمپنگ فائنل میں جرمنی کے مائیکل جنگ نے گولڈ میڈل جیتا جس کے ساتھ وہ تین اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے رائیڈر بن گئے۔ مینز ٹیم آرچری کا گولڈ میڈل جنوبی کوریا کے نام رہا جس نے میزبان فرانس کو پانچ، ایک کے سکور سے ہرایا، ترکیے نے برانز میڈل جیتا، فرانس نے مینز سنگلز کینوئنگ سیلالوم میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا، برطانیہ نے چاندی اور سلواکیہ نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

ٹیبل پر کینیڈا نے بھی گولڈ کا کھاتہ کھول لیا، جہاں جوڈو کے وویمن 57 کلو گرام میں کرسٹا ڈیگیوچی نےسونے کا تمغہ جیتا، اولمپکس کی تاریخ میں کینیڈا کا جوڈو کے مقابلوں میں یہ پہلا گولڈ میڈل ہے، کوریا نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ مینز سکیٹ بورڈنگ میں جاپان کے ہوری گومی یوٹو نے اپنے ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتا، دوسری اور تیسری پوزیشن امریکا کی رہی، جوڈو کے مینز 73 کلو گرام میں آذربائیجان کے ہدایت حیدروف نے سونے کا تمغہ جیتا جبکہ فرانس کے یوہان بینجمن چاندی کے تمغے کے حقدار ٹھہرے۔

مینز ٹیم آرٹسٹک جمناسٹک کا گولڈ میڈل جاپان نے جیتا، چین دوسرے اور امریکا تیسرے نمبر پر رہا، سوئمنگ کے وویمن چار سو میٹر کے انفرادی میڈل میں کینیڈا کی سمر میکنٹوش نے گولڈ میڈل جیتا، امریکا کی کیٹی گرائمز اور ایما ویانٹ نے چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے۔ مینز دو سو میٹر فری سٹائل سوئمنگ میں رومانیہ کے ڈیوڈ پوپووچی نے سونے کا تمغہ جیتا، پیرس اولمپک میں یہ رومانیہ کا پہلا گولڈ ہے، برطانیہ کے میتھیو رچرڈز دوسرے اور امریکا کے لیوک ہوبسن تیسرے نمبر پر رہے۔

خواتین کی سو میٹر بریسٹ اسٹروک میں جنوبی افریقا کی تاتیانا اسمتھ نے سونے کا تمغہ جیتا، چین کی ٹینگ کیانٹنگ نے چاندی اور آئرلینڈ کی مونا میک شیری نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا، وویمن فینسنگ کی انفرادی سیبر باؤٹ میں فرانس کی مینن ایپتھی نے گولڈ میڈل جیتا، اسی ایونٹ میں فرانس کی سارہ بیلزر نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

دن کے آخری گولڈ میڈل کا فیصلہ بھیا فینسنگ میں ہوا جس میں مینز انفرادی فوائل باؤٹ میں ہانگ کانگ کے چیونگ کالونگ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا، اٹلی کے فلیپو ماچی نے چاندی کا تمغہ جیت لیا ۔

واضح رہے کہ پیرس اس سال 26 جولائی سے 11 اگست تک سمر اولمپکس کی میزبانی کر رہا ہے، اس دوران 32 مختلف کھیلوں کے 329 ایونٹس منعقد ہوں گے۔