چیف جسٹس کیخلاف فتویٰ کیس: ٹی ایل پی رہنما کا جسمانی ریمانڈ منظور

120

لاہور:چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف فتویٰ کیس میں عدالت نے ٹی ایل پی رہنما کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے چیف جسٹس  آف پاکستان کے خلاف فتویٰ جاری کرنے کے کیس میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے رہنما مولانا محمد طاہرسیفی کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

ملزم محمد طاہر سیفی کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد کے روبرو ہونے والی سماعت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت پراسیکیوشن نے ٹی ایل پی کے گرفتار رہنما محمد طاہر سیفی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا فوٹو گارمٹک ٹیسٹ کرنا ہے اور مائیکروفون بھی برآمد کروانا ہے۔ سماعت کے دوران مولانا محمد طاہر سیفی کی تقریر عدالت میں فاضل جج  کو سنائی گئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ تو بہت جوش سے تقریر کرتے ہیں کیا یہ آپ کی تقریر ہے؟ ملزم نے اعتراف کیا کہ جی یہ میری ہی تقریر ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف کیوں بول رہے ہیں، جس پر  ملزم نے بیان دیا کہ ہم چیف جسٹس کو محتاط ہونے کا مشورہ دے رہے ہیں، جو فیصلہ ہوا، آئین کے خلاف ہے، ابھی موقع ہے چیف جسٹس اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

بعد ازاں عدالت نے ملزم کو 6 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔