اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کا یو ٹرن لینا دراصل شواہد کا حامل سیل پکڑے جانے کا شاخسانہ ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا منتیں ترلے کرنا دراصل اس بات کا شاخسانہ ہے کہ ان کا ایک شواہد کا حامل سیل پکڑا گیا ہے۔ اسی لیے وہ یو ٹرن لے رہے ہیں اور آج مذاکرات کے لیے منتیں ترلے کرنے پر اتر آئے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ نیوٹرل ہونا شاید بانی پی ٹی آئی کو قبول نہیں ہے، یہ تو کہتے تھے کہ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ 9 مئی کے حملے کرتے ہیں، وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہدا کی یادگاریں توڑتے ہیں، آپ کے جرائم کی فہرست لمبی اور نہ ختم ہونے والی ہے۔ آپ ملکی سلامتی کے اداروں اور ملکی سلامتی دونوں کے لیے خطرات پیدا کرتے ہیں، کور کمانڈر ہاؤس کے باہر آپ کی بہنیں موجود تھیں۔ آپ عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کبھی گریبان پکڑنے لگتے ہیں تو کبھی پاؤں میں گر جاتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔بانی پی ٹی آئی نے ملکی مفادات کے خلاف سیاست کی، آپ کی پارٹی کے لوگ کہتے رہے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں، انہوں نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو واپس لایا، آج وہاں حالات خراب ہیں۔