فچ نے 7 ماہ بعد پاکستان کی ریٹنگ بہتر کردی،درست معاشی پالیسی کا عالمی اعتراف ہے، وزیراعظم

173
اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں

اسلام آباد(آن لائن) بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی جاری کرنے کے حوالے سے ریٹنگ اَپ گریڈ کردی۔ فچ نے پاکستان کی طویل مدتی غیرملکی کرنسی جاری کرنے والے ڈیفالٹ ریٹنگ (آئی ڈی آر) کو ٹرپل سی سے پلس ٹرپل سی میں اپ گریڈ کردیا۔فچ عام طور پر پلس ٹرپل سی یا اس سے نیچے کی درجہ بندی والے خودمختاروں کو آؤٹ لک تفویض نہیں کرتا۔فچ کے مطابق دسمبر 2023ء سے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی تھی، پاکستان کا آئی ایم ایف سے اسٹاف سطح کا معاہدہ اور 7 ارب ڈالر کی یقین دہانی اہم ہے، 7 ماہ بعد پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ’’ فچ‘‘ کی طرف سے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عالمی ریٹنگ ٹرپل سی پلَس ہونا درست معاشی پالیسی کا عالمی اعتراف ہے۔انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور مالیاتی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست کی خاطر سیاست کی قربانی کا ثمر آج معاشی بہتری کی صورت میں ملک اور قوم کو مل رہا ہے، پاکستان کی عالمی ریٹنگ ٹرپل سی پلَس ہونا درست معاشی پالیسی کا عالمی اعتراف ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر دن رات کام کر رہے ہیں اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچا کر دم لیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شرح سود میں کمی سے افراط زر میں مزید کمی ہوگی اور کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔