صنعتیں بھاری شرح سود پر قرضوں کی متحمل نہیں ہوسکتیں

172

کراچی(کامرس رپورٹر) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر محمد کامران عربی نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے تاکہ پیداواری لاگت میں کمی کی جاسکے کیونکہ صنعتیں بھاری شرح سود پر قرضوں کی متحمل نہیں ہوسکتیں لہٰذا یہ ضروری ہے کہ شرح سود کو دیگرممالک کے برابر لایا جائے تاکہ ہم عالمی مارکیٹوں میں مقابلہ کرسکیں۔ پیر کوجاری ایک بیان میں کامران عربی کاکہنا تھا کہ سائٹ ایسوسی ایشن نے اپنی بجٹ تجاویز میں بھی پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ پرلانے کی درخواست کی تھی کیونکہ ہماری زائد لاگت کی وجہ سے پرچیزنگ پاور پر بہت زیاد ہ لوڈ ہے۔ اس وقت 80فیصد قرضے حکومت کے ہیں جبکہ نجی شعبے کے 20سے22فیصد ہیں لہٰذا اگر پالیسی ریٹ 2فیصد بھی نیچے لایا جاتا ہے تو اس کے نتیجے میں تقریباً650ارب کا فسکل اسپیس بن سکتا ہے جس سے حکومت کو سپورٹ ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ مانیٹر پالیسی میں صنعتکار برادری شرح سود میں نمایاں کمی کی توقع کررہی تھی تاہم موجودہ کمی سے انہیں مایوسی ہوئی اور وہ مرکزی بینک سے درخواست کرتے ہیں کہ صنعتوں کی زائد پیداواری لاگت کو کم کرنے اور صنعتکاری کو فروغ دینے کے لیے قرضوں پر بھاری بھرکم شرح سود کو مناسب سطح پر لایا جائے جس سے نہ صرف معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ ملکی برآمدات کو بھی خاطرخواہ فروغ حاصل ہوگا۔