عدم مساوات کو کم کیا جا سکتا ہے، افتخار علی ملک

199

کراچی (کامرس رپورٹر ) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ معاشی ترقی، صنفی مساوات اور سماجی بہبود کے لیے کیئرنگ اکانومی یعنی انسانی دیکھ بھال کے شعبوں میں سرمایہ کاری ضروری ہے اور ان خدمات و انفراسٹرکچر کو ترقی دے کر ہی مساوات پر مبنی معاشرے اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کے اس شعبے خاص طور پر حفظان صحت کو ترقی دے کر ہی فلاحی معاشرے کی تشکیل کو ممکن اور عدم مساوات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور اوسط متوقع عمر میں اضافے کے ساتھ صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی مانگ بڑھتی ہے۔اس شعبے کی ترقی سے نہ صرف بزرگوں اور بچوں کو ضروری خدمات فراہم کی جا سکتی ہیں بلکہ لاکھوں ملازمتیں بھی پیدا ہو سکتی ہیں جس سے بے روزگاری پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سماجی بہبود کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے صنفی مساوات کو بھی فروغ ملتا ہے اور خواتین کی لیبر فورس کو روزگار کے زیادہ مواقع مل سکتے ہیں جس سے خواتین کو اپنے کام اور خاندانی ذمہ داریوں میں توازن پیدا کرنے کے مواقع مل سکتے ہیں اور انہیں زیادہ با اختیار بنایا جا سکتا ہے۔