کراچی(کامرس رپورٹر)معروف بزنس مین ،رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین اور سابق ممبر قومی اسمبلی محمود مولوی نے بجلی کے بلوں میںکپیسٹی چارجز پر اہم تجویز پیش کردی۔ محمود مولوی نے کہا کہ عوام،تاجر اور صنعتکار اتنی مہنگی بجلی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے،فی یونٹ بجلی پر بھاری کپیسیٹی چارجز کو حل کرنا ہی ہوگا،صرف کپیسٹی چارجز اور سود کے چارجز ہٹنے سے فی یونٹ بجلی 50 فیصد سستی ہوجائے گی۔محمود مولوی نے کہا کہ50 فیصد سے زائد آئی پی پیز پاکستانیوں کی ہیں،سب سے پہلے مقامی آئی پی پیز اپنی کپیسٹی چارجز کو ختم کریں اس کے ساتھ ہی فوجی فانڈیشن سب سے پہلے اپنے کپیسٹی چارجز کو ختم کرے۔محمود مولوی نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کے مقامی مالکان بھی اب کپیسٹی چارجز کو ختم کریں،صرف مقامی آئی پی پیز کے کپیسیٹی چارجز ختم ہونے سے کپیسٹی چارجز 13 روپے فی یونٹ کم ہوجائیں گے،حکومت کو سرکلر ڈیٹ کے سود کی مد میں فی یونٹ 3.23 روپے بھی ختم کرنا ہوگا،بجلی کے قیمت کے حوالے سے فوری فیصلے نہ ہوئے تو بہت بڑی مشکلات ہوجائیں گی۔محمود مولوی نے کہا کہ بجلی کے بل میں جو چارجز عائد ہیں وہ ظلم ہے،اتنے مہنگے چارجز کے ساتھ بجلی کے بل دیکھ کرہر شخص شدید پریشان ہے،موجودہ صورتحال میں مزید نقصان معیشت کے لئے ٹھیک نہیں ہوگا۔