کراچی (اسٹاف رپورٹر )ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکو گروہ کے ہمراہ کراچی والوں کو لوٹنے پہنچ گئے، کارروائی کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان واردات کے دوران بڑے اسلحے اور وائٹ کرولاکا استعمال کیا کرتے تھے۔ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے ایس ایس پی ملیرکاشف آفتاب عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ کچے کے ڈاکو گروہ کے ہمراہ کراچی والوں کو لوٹنے پہنچ گئے، ملزمان غیر ملکیوں سے 2 کروڑ روپے کی رقم لوٹنے آئے تھے۔ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ وائٹ کرولاگینگ کراچی میں دہشت کی علامت بنا ہوا تھا، گینگ نے کراچی کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی تھیں۔ ملزمان سے ہتھیار اور گاڑیاں برآمدکرلی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملزمان اسٹیل ٹائون تھانے کی حدود میں واردات کے دوران راہگیر خاتون کے قتل میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان کا گروہ 9 سے 10 رکنی ہے، ملزمان واردات کے دوران بڑے اسلحہ کا بھی استعمال کیا کرتے تھے۔اظفر مہیسر نے بتایا کہ ملزمان کو کراچی سمیت سندھ بھر کے دیگر شہروں سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان بڑی وارداتوں کے بعد شہر شہر سے کچے میں چلے جاتے تھے۔ڈی آئی جی ایسٹ نے کہاکہ وفاقی ادارے اور ملیر پولیس نے گینگ کو گرفتار کیا ہے، اس گینگ کے متعدد افراد آپریٹ کررہے تھے، یہ گینگ دو کرولا گاڑیوں اورموٹرسائیکل پر آپریٹ کرتا تھا۔اظفر مہیسر نے بتایا کہ گینگ کے کچھ ملزمان باقی ہیں ، جن جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔